نوید حیدر کی معطلی آئین کے مطابق ہے، عبدالرؤف نوتیزئی

May 06, 2019

صدر بلوچستان فٹ بال ایسوسی ایشن عبدالرؤف نوتیزئی کا کہنا ہے کہ نویدحیدر کو پنجاب کانگریس کے ممبران کی اکثریت کی طرف سے 5 سال کے لئے معطل کیا جانا پی ایف ایف آئین کے عین مطابق ہے، اس لحاظ سے نہ ہی وہ پنجاب کےصدر رہے ہیں اور نہ ہی اس دوران وہ فٹ بال کی کسی سرگرمی میں حصہ لے سکتےہیں اور اس میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے۔

کورٹ آرڈرز کے تحت ہونے والےالیکشن کے نتیجے میں تشکیل پانے والی پی ایف ایف کے صدر اشفاق حسین نے نوید حیدر کی سپورٹ کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان میں فٹبال کلبز کی اسکروٹنی کو بوگس قرار دیا ہے جبکہ اشفاق حسین کے اس دعوے کو حیران کن قرار دیتے ہوئے نوتیزئی کا کہنا ہے کہ وہ (اشفاق حسین)بخود انہی کلبز کی بنیاد پر پی ایف ایف کی صدارت کے دعویدار ہیں، اگریہ کلبز بوگس ہیں تو انہیں ایسا بیان دینے سے قبل استعفیٰ دے دینا چاہئےتھا۔

اشفاق حسین کے میڈیا کو دئے گئے بیان کے مطابق بشمول پنجاب ملک بھرمیں ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشنز کی معیاد31 مارچ کو ختم ہو چکی ہے لہٰذا پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے ممبران نوید حیدر کو معطل نہیں کر سکتے جبکہ اس بارے میں نوتیزئی کا کہنا ہے کہ نوید حیدر نے پنجاب کانگریس کا اجلاس10 مئی کو طلب کر رکھا ہے، اگر 31 مارچ کو ڈسٹرکٹس کے نمائندوں پر مشتمل پنجاب ایسو سی ایشن کی معیاد ختم ہو چکی تو نوید حیدر کی طرف سے 10 مئی کو اجلاس کیسے بلایا جا سکتا ہے، حقیقت میں وہ گزشتہ نومبر سے معطل ہیں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے 37 میں سے 23 اراکین نے ان پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے میڈیا کے نمائندگان کی موجودگی میں دوروز قبل نوید حیدر کی معطلی کی مدت میں 5 سال کا اضافہ کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے نائب صدور خالد شیخ، رانا شوکت اور اقبال شیخ پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی کا اعلان کیا ہے جو نئے صدر کے انتخاب تک ایسوسی ایشن کے معاملات چلائے گی۔