میرپورخاص جیل میں ایڈز کے ایک اور کیس کی تصدیق

May 08, 2019

میرپورخاص ڈسٹرکٹ جیل میں ایچ آئی وی پازیٹو کے ایک اور کیس کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ تین قیدیوں کےسیمپلز تصدیق کے لئے کراچی روانہ کئے گئے ہیں۔

محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق تینوں قیدیوں کے ایچ آئی وی وائرس میں مبتلا ہونے سے متعلق کراچی کی لیب سے تصدیق کا انتظار ہے۔

اس سے قبل ڈسٹرکٹ جیل میں 6 ایچ آئی وی پازیٹو کیسز کا انکشاف ہوچکا ہے، اس طرح جیل میں ایسے مریضوں کی تعداد7 ہو گئی ہیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عطاء اللہ شاہ نے چند روز قبل میرپورخاص ضلع میں 270 ایچ آئی وی پازیٹو کیسز کا انکشاف کیا تھا۔

جیو نیوز کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق میرپورخاص ضلع میں گزشتہ چار سال کے دوران 273 ایچ آئی وی پازیٹو کیسز رجسٹرڈ کئے گئے جن میں سے 84 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ میرپورخاص میں ایچ آئی وی اسکریننگ کا کوئی نظام نہ ہونے کے باعث ایسے مریضوں کی تعداد کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔