پشتون تحفظ موومنٹ نے اپنے مطالبات پارلیمانی کمیٹی کو پیش کردیئے

May 10, 2019

اسلام آباد ( طاہر خلیل) پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم ) نے اپنے مطالبات پارلیمانی کمیٹی کو پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کی بازیابی، کارکنوں پر دہشتگردی مقدمات ، بلا جواز گرفتاریاں اور ای سی ایل میں نام ڈالنے کے مسائل حل طلب ہیں۔ بدھ کو پی ٹی ایم کے ساتھ سینیٹ کی قومی یکجہتی و فروغ ہم آہنگی اسپیشل کمیٹی مذاکرات کا دوسرا دور ہوا، خصوصی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کنوینرکمیٹی بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ سیاسی معاملات اور محرومیوں کا حل ڈائیلاگ سے ہی ممکن ہے، انہوں نے ایم این اے محسن داوڑ پشتون کی زیر سربراہی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ ایوان بالا کو طبقاتی محرومیوں اور معاشرتی نا انصافیوں کا شکار افراد کا پورا احساس ہے ، یہ کمیٹی مسائل کے حل کیلئے ایک پل کا کردار ادا کرے گی،ارکان کمیٹی نے بھی معاملات کے پر امن حل پر زور دیا اور کہا کہ پارلیمان ایک با اختیار ادار ہ ہے اور مسائل پر بحث مباحثے اور ان کے حل کا راستہ پارلیمان سے گزرتا ہے تاہم ایک روڈ میپ کا ہونا لازمی ہے تاکہ ٹھوس سفارشات مرتب کر کے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔