داتادربار دھماکے کے سہولت کار ہونے کا شبہ، 5 افراد زیر حراست

May 10, 2019

لاہور میں حساس اداروں نے گڑھی شاہو میں ایک ٹی اسٹال پر چھاپہ مار کر 5 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق حراست میں لیے جانے والے افراد پر داتا دربار خودکش دھماکے کے سہولت کار ہونے کا شبہ ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ مذکورہ ٹی اسٹال اسد عباسی نامی ایک شخص چلاتا تھا، اسد عباسی اور اس کے دوست شاہد نے 3 ماہ قبل یہ جگہ کرائے پر لی تھی۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ خود کش بمبار نے اس جگہ قیام کیا تھا۔

اس سے قبل لاہور میں حالیہ دہشت گردی کے بعد چائنہ اسکیم اور گجرپورہ کے علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران وہاں رہنے والوں کے کوائف چیک کیے گئے۔

پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران خصوصی طور پر ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز اور کرایہ داروں کو چیک کیا گیا۔

سرچ آپریشن کے دوران بائیومیٹرک اور جدید انڈرائیڈ آلات کی مدد سے مشکوک افراد کو چیک کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس سرچ آپریشن کا مقصد امن و امان کو برقرار رکھنا اور شہریوں میں احساس تحفظ پیدا کرنا ہے۔