عمران، طاہر القادری کیخلاف توہین عدالت کی متفرق درخواست دائر

May 14, 2019

وزیر اعظم عمران خان اور عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر جلد سماعت کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا گیا۔

معروف قانون دان اے کے ڈوگر نےلاہور ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دائر کی ہے جس میں مرکزی کیس کی جلد سماعت کی استدعا کی ہے۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود عمران خان اور طاہر القادری نے لاہور سے اسلام آباد کی طرف دھرنا دیا، دونوں رہنماؤں نے طویل دھرنا دے کر توہین عدالت کی۔

عدالتی احکامات کے منافی عمران خان اور طاہر القادری کے اسلام آباد میں دھرنا دینے ، عدالتی احکامات سے روگردانی کرنے پر ان رہنماؤں کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ہائی کورٹ میں عمران خان اور طاہر القادری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست زیر سماعت ہے، تاہم درخواست 3 ماہ سے سماعت کے لیے مقرر نہیں کی جاسکی۔

درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ توہین عدالت ایک اہم نوعیت کا معاملہ ہے، اس لیے عمران خان اور طاہر القادری کے خلاف درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔