وفاقی بجٹ کا اعلان 10 جون کو ہو گا 25 مئی کو نہیں

May 16, 2019

اسلام آباد (حنیف خالد) وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2019-20 کا اعلان حکومتی حلقوں کی طرف سے بتائی گئی تاریخ 25مئی کو نہیں ہوسکے گا بلکہ بجٹ کے اعلان سے پہلے کی تیاریاں31مئی تک بھی مکمل نہیں ہو پائیں گی۔ باوثوق ذریعوں سے جنگ کو پتہ چلا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا پہلا باضابطہ سالانہ وفاقی بجٹ جون کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں قومی اسمبلی میں پیش کئے جانے کا امکان ہے اور اس کیلئے 10 جون کی تاریخ تجویز کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق عیدالفطر کی تعطیلات کے بعد پیر10 جون کو وفاقی کابینہ مالی سال 2019-20 کے وفاقی بجٹ کی منظوری دے سکتی ہے یہ اجلاس روایت کے مطابق صبح کی بجائے تیسرے پہر نماز ظہر یا نماز عصر کے قریب بلایا جاسکے گا۔ وفاقی بجٹ کی ٹیکس تجاویز کے مسودے کی وفاقی کابینہ جو منظوری دے گی وہ وزیراعظم آفس کے کابینہ کا اجلاس ختم ہوتے ہی متعلقہ مشیر خزانہ ریونیو اقتصادی امور ڈاکٹر حفیظ شیخ قومی اسمبلی میں پیش کریںگے ان کی بجٹ تقریر ملک بھر کے نجی سرکاری ٹی وی چینل اور ریڈیو پاکستان برائے راست ٹیلی کاسٹ و براڈ کاسٹ کریں گے۔