نیا نظام قبائلی روایات سے متصادم نہیں ہوگا، وزیراعظم

May 18, 2019

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیا نظام قبائلیوں کے رہن سہن اور روایات سے متصادم نہیں ہوگا ، کوشش ہے کہ نظام سے قبائلی روایات اور طرز زندگی زیادہ متاثر نہ ہو۔

پشاور میں ضلع خیبر کے قبائلی جرگے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ قبائلیوں کے مسائل قبائلی عوام کی مشاورت سے حل کریں گے ، قبائلی عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران قربانیاں دیں ۔

وزیراعظم سے گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ملاقات کی جبکہ وزیراعظم نے صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے پشاور میں شوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ہم اسپتالوں میں اصلاحات لانا چاہتے ہیں جس کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے، ہم سرکاری اسپتالوں کو شوکت خانم کے معیار پر لانا چاہتے ہیں لیکن جھوٹ بولا جارہا ہے کہ سرکاری اسپتالوں کی نجکاری کی جارہی ہے۔