اولڈ ہیم میں ٹامی رابنسن کی انتخابی مہم کے دوران ہنگامہ آرائی

May 20, 2019

لندن( پی اے )اولڈ ہیم میں انگلش ڈیفنس لیگ کے سابق قائد ٹامی رابنسن کی انتخابی مہم کے دوران ہنگامہ آرائی ہوئی ہے اس دوران میزائل چلائے گئے اور پولیس کی گاڑیاں تباہ ہوگئیں، سوشل میڈیا پر جاری کئے جانے والے فوٹیج میں لائم سائیڈ میں ٹامی رابنسن کے حامیوں اور مخالفین کےدرمیان جھڑپیں نظر آرہی ہیں، گریٹر مانچسٹر پولیس کا کہناہے کہ مخالفین نے ایک دوسرے پر انڈے اورپتھر برسائے اور دو گاڑیوں کونقصان پہنچا ،فورس کا کہنا ہے کہ کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی، اور کسی کو خنجر گھونپے جانے کی افواہیں غلط ہیں، ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ شمال مغربی انگلینڈ سے یورپی یونین کے الیکشن کیلئے مہم چلانے والے ٹامی رابنسن کہاں ہیں، اولڈ ہیم سے لیبر پارٹی کے رکن پارلیمنٹ جم مک موہن نے اس واقعے کے بعد اپنی ٹوئیٹ میں لکھا ہے کہ یہ دیکھ کر انتہائی دکھ ہوا کہ ہمارے ٹائون کو نفرت اور تفریق کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ پولیس کا کہناہے کہ ان کاخیال ہے کہ اس ہنگامہ آرائی میں ملوث بہت سے لوگوں کا اولڈ ہیم سے تعلق نہیں تھا،پولیس نے ہنگامہ آرائی میں ملوث لوگوں کی نشاندہی کیلئے عینی شاہدین سے تعاون کی اپیل کی ہے۔