خواجگان فیض پور کا فیضان دوصدیوں سے جاری ہے، علمائے کرام

May 20, 2019

لیڈز (نمائندہ جنگ ) جامع مسجد ابو ہریرہ لیڈز میں خواجگان فیض پور کے عظیم روحانی بزرگ حضرت الثالث خواجہ پیر محمد فاضل رحمتہ اللہ علیہ کے 28ویں سالانہ عرس کی روحانی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے مولانا سجاد رومی ،مفتی عبدالشکور اور مولوی محمد رفیق نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواجگان فیض پور شریف کا فیضان دو صدیوں سے جاری ہے اور ان عظیم ہستیوں نے سنت اور شریعت کو ہمیشہ مقدم رکھا اور آج دنیا کے کونے کونے میں ان کے فیضان کے اثرات موجود ہیں حضور قبلہ عالم نے زندگی بھر علمی روحانی ، ظاہری باطنی خزانوں کی اشاعت فرمائی اور ہر موقع پر قرآن وسنت کو مقدم رکھا اور ساری زندگی سنت و شریعت کا درس دیتے ہوئے لوگوں کو صراف مستقیم پر گامزن کیا اُن کا فیضان پوری دنیا میں جاری اور ساری ہے انہوں نے کہا کہ اللہ اور اس کے حبیب ﷺ کا ذکر بلند کرنے والوں پر رب کریم کا خاص فضل ہوتا ہے اور ایمان والوں کو اللہ اپنا دوست بناتا ہے اور اللہ کے دوستوں کیلئےدنیاوآخرت میں کوئی خوف نہیں ،انہوں نے کہا کہ جنہوں نے اللہ کی بندگی اختیار کرتے ہوئے سنت و شریعت کو اپنا اوڑھنا بچھونا بناتے ہوئے دوسروں کو بھی اس رنگ میں ڈھالا وہ تاقیامت امر ہو گئے اور ان کی ظاہری پردہ پوشی کے بعد بھی ان کے چرچے جاری و ساری رہتے ہیں۔ تقریب کے آخر میں افطاری کے وسیع انتظامات کیے گئے تھے وقت افطار امت مسلمہ اور استحکام پاکستان کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔