’’ایران سے جنگ نہیں چاہتے لیکن دفاع کیلئے تیار ہیں‘‘

May 20, 2019

ایران سے بڑھتے تناؤ پر سعودی عرب نے خلیجی ممالک کے سربراہان کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا، سعودی عرب نے واضح کیا ہےکہ وہ ایران سے جنگ نہیں چاہتا لیکن اپنا دفاع کرنے کےلیے تیار ہے ۔

سعودی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق سعودی بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خلیجی ملکوں اور عرب لیگ کے ارکان کے لیے الگ الگ سربراہی اجلاس 30 مئی کو مکہ میں طلب کیے ہیں، جس میں حالیہ جارحیت اور اس کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا جائےگا۔

سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب جنگ نہیں چاہتا اور اس سے بچنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا، لیکن ہمارے حریف نے جنگ کا انتخاب کیا تو مکمل قوت و عزم کے ساتھ اپنا دفاع کریں گے۔

متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ خلیجی اور عرب ممالک کا متفقہ لائحہ عمل وقت کا تقاضہ ہے، قطر جسے سعودی دعوت موصول نہیں ہوئی کہتا ہے کہ ایران اور امریکا میں کوئی بھی جنگ نہیں چاہتا، اگر خطے کی بچکانہ حکومتوں کی باتوں میں نہ آیا جائے تو تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔