پی آئی اے، غیرممالک میں منظورشدہ مدت سے زیادہ تعیناتی، نئے تعینات شدہ افسرا ن کی سی ای او سے مداخلت کی اپیل

May 22, 2019

کراچی (اسد ابن حسن) پی آئی اے میں غیر ممالک میں تین برس کے لیے تعینات ہونے والا عملہ مختلف حیلوں بہانوں اور غلط طریقوں سے چارج نہیں چھوڑتے اور تین برس کے بجائے6/7برس تک تعینات رہتے ہیں۔ اس حوالے سے نئے تعینات شدہ افسران نے ادارے کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو ایک مراسلہ میل کیا ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں۔ ترجمان پی آئی اے نے مذکورہ معاملات کی تصدیق کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق غیر ممالک میں اسٹیشن مینیجر اور مارکیٹنگ کے افسران کی تعیناتی تین برس کیلئے ہوتی ہے۔ زیادہ تر یہ تعیناتیاں سیاسی اثر و رسوخ اور انتظامیہ سے اچھے تعلقات کی بناء پر ہوتی ہیں مگر اب یہ ہورہا ہے کہ افسران تین برس کے بجائے 6/7برس سے تعینات ہیں۔ خاص طور پر مسقط، چین، ابوظہبی، پیرس، مانچسٹر اور ٹورنٹو میں تعینات افسران شامل ہیں۔ نئے تعینات شدہ افسران کو 12جنوری 2019ء کو ان کی نئی تعیناتی کے کاغذات دیئے گئے مگر پانچ ماہ گزرنے کے باوجود ان کے ویزے کا پروسیس تعطل کا شکار ہے کیونکہ وہ جان بوجھ کرمختلف سقم چھوڑ دیتے ہیں جس سے ویزا جاری ہونے میں تاخیر پر تاخیر ہوتی رہتی ہے۔