اباسین کالم رائٹرزکاہندکو شاعراسماعیل اعوان کی وفات پر تعزیتی ریفرنس

May 24, 2019

پشاور ( نمائندہ خصوصی) اباسین کالم رائٹرز ایسوسی ایشن (ACWA)خیبرپختونخوا کا ایک تعزیتی اجلاس ایسوسی ایشن کے صدر ضیاء الحق سرحدی کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ جس میں ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر صبیح احمد ،نائب صدور سلیم آفاقی ،روشن خٹک، جنرل سیکرٹری عابد اختر حسن ،جائنٹ سیکرٹری ارشد ڈار،فنانس سیکرٹری وسیم شاہد ،ممبران ایگزیکٹو کمیٹی فضل شاہ مہمند،ڈاکٹر صلاح الدین،عالمگیر آفریدی،وقار احمد اعوان ودیگر ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی تعزیتی اجلاس میں ہندکو اور اردو کے معروف شاعر،ادیب محقق اور اباسین آرٹس کونسل کے مجلس عامہ کے سینئر رکن ایم اسماعیل اعوان کی اچانک وفات پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور مرحوم کی وفات کو ہندکو اور اردو زبان کیلئے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا گیا۔اباسین کالم رائٹر ز کے صدر اور گندھارا ہندکو بورڈ کے مجلس عامہ کے رکن ضیاء الحق سرحدی نے اپنے تعزیتی اجلاس میں کہا کہ مرحوم ایم اسماعیل کا شمار پشاور کی مشہور شخصیات میں ہوتا تھا وہ ایک ممتاز ادبی،سماجی شخصیت کے علاوہ کئی ایوارڈ یافتہ کتب کے مصنف بھی تھے جن میں احمد علی سائیں نامی کتاب کو عالمگیر شہرت بھی ملی۔انہوں نے کہا کہ ان کے انتقال سے پشاور کا قلم قبیلہ بالعموم اباسین آرٹ کونسل اور حلقہ ارباب ذوق ایک منجھے ہوئے لکھاری سے محروم ہو گیا ہے۔آخر میں مرحوم کی ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا ء فرمائے ۔