غزوہ بدر حق و باطل کا عظیم معرکہ ہے ،صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر

May 26, 2019

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) جمعیت علماءپاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے جے یو پی حیدرآباد کے زیر اہتمام یوم بدر و یوم ولادت امام شاہ احمد نورانی کے سلسلے میں ناظم علی آرائیں کی رہائشگاہ رحمن ٹاو¿ن میںمنعقدہ افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزوہ بدر حق و باطل کا وہ عظیم معرکہ ہے جس میں اللہ نے فرشتوں کے ذریعہ مسلمانوں کی مدد کی اور انہیں فتح ونصرت سے سرفراز کیا‘ 17 رمضان المبارک ہی کو امام شاہ احمد نورانی صدیقی کی ولادت ہوئی‘ آپ نے حق و باطل کے فرق کو واضح کرتے ہوئے نظام مصطفےٰ ﷺ کے عملی نفاذ اور مقام مصطفےٰ ﷺ کے تحفظ کےلئے بے مثال جدوجہد کی‘ دستور میں مسلمان کی تعریف شامل کرائی اور سو سالہ فتنہ قادیانیت کو غیر مسلم اقلیت قرار دلواکر لاکھوں مسلمانوں کے ایمان کی حفاظت فرمائی۔ انہوں نے کہا کہ آج ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کر اسلام کے خلاف اقدامات کئے جارہے ہیں‘ آئی ایم ایف کے ذریعہ ملک کو امریکی غلامی میں دے دیا گیا ہے‘ ڈالر کی گرانی کے ذریعہ غریب عوام کا بھرکس نکلا جارہا ہے‘ ملک کی معیشت تباہ اور نوجوان بے روزگار ہو رہے ہیں‘ اب شہدائے بدر کے جذبہ سے سرشار ہو کر نورانی کردارادا کرنے کا وقت آگیا ہے تاکہ ملک کو اسلام دشمن طاغوتی قوتوں کے چنگل سے آزاد کرایا جاسکے۔