نیب سربراہ ڈیل کیلئے رابطے کرنے کا الزام ثابت کریں،شہباز شریف

May 26, 2019

لندن ( مرتضیٰ علی شاہ ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماشہباز شریف نے مطالبہ کی ہے کہ نیب کے سربراہ جسٹس (ر) جاوید اقبال اس بات کا ثبوت دیں کہ انہوں نے یا شریف خاندان کی کسی شخصیت نے ان سے براہ راست یا کسی اور شخصیت کے زریعے کسی بھی قسم کی ڈیل کی گفتگو کی نیب کے سربراہ اس بات کی فوری طور پر وضاحت جاری کریں ۔اسحاق ڈار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کافی دن ہوگئے ہیں جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ایک انٹرویو میں ان پر ان کے بھائی میاں نواز شریف اور ہمزاہ شریف پر الزام لگا یا تھا کہ ان کے خاندان نے ان کو پیسے کی پیشکش کی تھی تاکہ نواز شریف فیملی کے ساتھ نرمی کا رویہ اختیار کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی بھی نیب سربراہ سے نہ کبھی ملے نہ رابطہ کیا اور نہ ہی اس قسم کی کوئی بات کی جیسا کہ اخبار میں چھپی ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر نیب سربراہ ثبوت فراہم کردیں تو وہ ( شہباز شریف ) ہمیشہ کے لئے سیا ست چھوڑ دیں گے۔ان کا کہناتھا کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ ختم ہونے کا کریڈٹ ان کی سیاسی جماعت کو جاتا ہے، نواز شریف نے توانائی او ر بجلی پیداوار کی گنجائش بڑھانے کے لئے چار سال محنت کی جس کا نتیجہ آج نکلا ہے اور عمران خان کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے۔ ان کا کہنا تھا انہوں نے اپنی زندگی میں عمران خان سے بڑا جھوٹا شخص نہیں دیکھا ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان نے ہمیشہ ملک کے لئے مسائل کھڑے کئے ہیں جب وہ حزب اختلاف میں تھے اور جب وہ حکومت میں ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا نیب سربراہ کے اسکینڈل کے معا ملے میں غیر جانبدار رہیں گے گو کہ یہ معاملہ قومی مفاد کا ہے۔