نواز شریف سے تفتیش کیلئےنیب ٹیم کی جیل آمد

May 27, 2019

سرکاری بلٹ پروف گاڑیوں کے ذاتی استعمال کےالزامات کی تحقیقات کے لیے نیب کی 4 رکنی ٹیم کوٹ لکھپت جیل پہنچ گئی۔

ذرائع کےمطابق نیب کی ٹیم میں ایڈیشنل ڈائریکٹر حمادحسن نیازی، ڈپٹی ڈائریکٹر انویسٹی گیشن عبدالماجد کے علاوہ 2 نیب اہلکار بھی شامل ہیں۔

نیب ذرائع کے مطابق جرمنی سے 33 بلٹ پروف گاڑیاں خریدی گئیں، بلٹ پروف گاڑیاں سارک کانفرنس 2016 کے مہمانوں کیلئے تھیں تاہم گاڑیاں نواز شریف اور مریم نواز نے استعمال کیں جب کہ 33 میں سے 20 گاڑیاں نواز شریف نے اپنے قافلے میں شامل کیں۔

واضح رہے کہ نیب ٹیم احتساب عدالت سے اجازت ملنے کے بعد نوازشریف سے تحقیقات کے لیے کوٹ لکھپت جیل آئی ہے۔

گزشتہ ہفتے جیل میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤںسے ملاقات کے موقع پر سابق وزیر اعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت ہر شعبے میں ناکام ہو چکی ہے، وہ 3 بار ملک کےوزیراعظم رہے، ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی تو اب بلٹ پروف گاڑیوں کا مقدمہ بنادیا گیا ہے۔