راولپنڈی میں گھر کے گٹر سے انسانی ہڈیاں برآمد،تحقیقات شروع

May 29, 2019

راولپنڈی(جنگ نیوز) ڈھوک حسو میں واقع گھر کے گٹر کی صفائی کے دوران انسانی ڈھانچہ کی ہڈیاں برآمد ہوئی ہیں۔راولپنڈی کے تھانہ رتہ امرال کے علاقے ڈھوک حسو میں واقع گھر کے گٹر کی صفائی کے دوران انسانی کھوپڑی اور ہڈیاں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس نے انسانی کھوپڑی اور ہڈیوں کو تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گھر کا مالک وارث خان کا رہائشی ہے جب کہ گھر میں ایک ہی کرایہ دار 7 سال سے مقیم ہے۔ ہڈیاں مرد یا کسی خاتون کی ہیں اس کا حتمی تعین نہیں ہوسکا۔ بازو کی ایک ہڈی میں کڑا ملنے پر قیاس کیا جارہا ہے کہ یہ باقیات کسی خاتون کی ہوسکتی ہیں۔ ڈھانچے کو شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ اس کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے سائنسی خطوط پر تفتیش کی جائے گی۔