آئی آئی چندریگر روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام

May 29, 2019

کراچی میں لیاری اور اس سے ملحقہ علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف علاقہ مکینوں نے آئی سی آئی پل پر کئی گھنٹے احتجاج کیا جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر رہی ، آئی آئی چندریگر روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر صبح کے اوقات میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

آئی سی آئی پل پر علاقہ مکینوں نے پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج کیا، ٹریفک پولیس کے مطابق احتجاج کے باعث جناح برج سے آئی سی آئی پل جانے والی سٹرک کو ٹریفک کےلیے بند کرکے ٹریفک کو متبادل راستے کی جانب موڑ دیا گیا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق جناح برج سے ٹریفک کو ٹاور کی جانب متبادل راستہ فراہم کیا گیا، جبکہ مرزا آدم خان روڈ سے ٹریفک کو میراں ناکہ کی جانب موڑ دیا گیا۔

پولیس نے کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد مظاہرین کو منتشر کرکے ٹریفک کی روانی بحال کرا دی۔

واضحرہے کہ احتجاج کے باعث کئی گھنٹوں ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے باعث شارع فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام رہا جس کے باعث بیشتر افراد کو وقت پر دفاتر پہنچنے میں مشکلات کا سامنا پیش آیا۔