زرداری کی گرفتاری کیخلاف کئی شہروں میں احتجاج، مظاہرے

June 11, 2019

کراچی، حیدرآباد، لاہور، کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) زرداری کی گرفتاری کیخلاف کئی شہروں میںاحتجاج، مظاہرے،کراچی ،ٹھٹھہ، سکھر، میرپورخاص، جیکب آباد، لاہور ، کوئٹہ و دیگر شہریوں میں جیالے مشتعل، ٹائر نذر آتش، زرداری کی رہائی کا مطالبہ ،پی پی نے سندھ بھر میںآج یوم سیاہ منانے کا اعلان کیاہے ۔تفصیلات کےمطابق پیپلز پارٹی کے سربراہ اورسابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری کے بعد پیپلزپارٹی کے کارکنو ں نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے حکومت اور نیب کے خلاف شدید نعرے لگائے۔ زرداری کی گرفتاری کیخلاف حیدرآباد، گھارو، ٹھٹھہ ،سانگھڑ، سکھر،لاڑکانہ، پڈعیدن، میرپورخاص، ٹنڈومحمدخان، جیکب آباد،ٹنڈوالہ یار،ڈگری،ٹنڈو غلام علی،ٹنڈوآدم، سکرنڈ،نوشہرو فیروز،لاہور، کوئٹہ سمیت کئی شہروں میں جیالے سڑکوں پر آگئے اور چھوٹی بڑی شاہرائوں پر احتجاج کیا،اس دوران لوگوں نے خوف سے از خود کاروباری مراکز بند کردیے جو بعد ازاں حالات کو دیکھتے ہوئے کھول دیئے گئے۔دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری کی گرفتاری پر پیپلزپارٹی نے(آج)منگل کوسندھ بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا،ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں کارکنان سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کریں گے،صوبائی صدر پیپلزپارٹی نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ احتجاج سندھ بھر کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں ہوگا، احتجاج مکمل طور پر پر امن ہوگا۔