ٹیم کے ساتھ رہ کر بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے، حسنین

June 13, 2019

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر محمدحسنین کا کہنا ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں اپنی اسپیڈ کا جادو دکھانے کیلئے بے تاب ہیں، جب بھی موقع ملا وہ بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے ۔

ٹاونٹن میں میڈیا سے گفتگو میں محمدحسنین نے کہا کہ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کے ساتھ رہ کر انہیں بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے ، بولنگ کوچ اظہر محمود بھی ان کی بھرپور رہنمائی کررہے ہیں۔

محمد حسنین نے کہا کہ ان کا اصل ہتھیار ان کی اسپیڈ ہے اور جب بھی انہیں موقع ملے گا وہ اس کا بھرپور مظاہرہ کریں گے، ایک سوال پر نوجوان بولر نے کہا کہ ہر بولرکو دیکھ کر سیکھ رہے ہیں ، یہ دورہ اور ٹیم کے ساتھ رہنا ان کیلئے بہت مفید ہے ۔

پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈیٹر کی جانب سے شاندار بولنگ کرکے پاکستان ٹیم میں جگہ حاصل کرنے والے بولر نے کہا کہ پی ایس ایل اور انٹرنیشنل کرکٹ میں بہت فرق ہے اور وہ انٹرنیشنل کرکٹ کا پریشر ہینڈل کرنا سیکھ رہے ہیں۔