فنانس بل میں ایف بی آر کی جانب سے نئے جرمانوں کی تجویز

June 14, 2019

اسلام آباد (مہتاب حیدر) ایف بی آر نے آئندہ مالی سال کے لئے پارلیمنٹ میں پیش کردہ فنانس بل میں کچھ نئے جرمانوں کی تجویز دی ہے۔ یہ تجویز کیا گیا ہے کہ کوئی شخص کیش یا چیک کے ذریعے منصفانہ ویلیو سے 50 لاکھ روپے زائد مالیت کی غیر منقولہ جائیداد خریدے گا تو وہ جائیداد کی مالیت کا 5 فیصد جرمانے کی شکل میں اداکرے گا۔ اور یہ قانون کے تحت ایف بی آر طے کرے گا۔ جبکہ آف شور ٹیکس چور آرڈیننس کے تحت کسی کارروائی میں ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا کرے گا۔ یا ٹیکس چوری کا دو سو فیصد دے گا۔ جائیداد کی منتقلی کا خواہشمند کوئی بھی شخص ایک لاکھ روپے یا ٹیکس کے 100 فیصد مساوی رقم ادا کرے گا۔ فنانس بل میں چند جرمانے چھوڑ دینے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔ آرڈیننس کے تحت رجسٹریشن کے لئے درخواست دینے میں ناکامی پر 10 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ گوشواروں میں غلط تخمینہ بتانے والوں کو 30 ہزار روپے یا تین فیصد کے تناسب سے جرمانہ دینا ہوگا۔ آمدنی چھپانے والے یا غلط آمدن بتانے والے کو ایک لاکھ روپے یا ٹیکس کے مساوی رقم ادا کرنی ہوگی۔