اپوزیشن عمران خان کومدت پوری ہونے سےقبل نہیں ہٹاسکتی،تجزیہ کار

June 14, 2019

کراچی (ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ اپوزیشن عمران خان کو پانچ سال کی مدت پوری ہونے سے قبل نہیں ہٹاسکتی ہے، نواز شریف صحیح پیشگوئیاں اور تجزیہ کرسکتے تو خود اس انجام تک نہ پہنچتے، فیصل واوڈا کی پانچ ہزار لوگوں کو لٹکانے کی بات فاشزم ہے، فیصل واوڈا اپنے لیڈر کی طرح اپنی گورننس سے توجہ ہٹانے کیلئے متنازع باتیں کرتے رہتے ہیں، نواز شریف اگر پرویز مشرف کا احتساب نہیں کرسکے تو عمران خان کیسے کرسکتے ہیں،عدالت حکومت کو پرویز مشرف کو واپس لانے کا حکم دیتی ہے تو تب عمران خان کا کام شروع ہوگا۔ان خیالات کا اظہار سلیم صافی، ارشاد بھٹی، بابر ستار، حفیظ اللہ نیازی اور ریما عمر نے جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان کے پہلے سوال عمران جلد انجام کو پہنچنے والے ہیں، نواز شریف کی پیشگوئی، کیا اپوزیشن عمران خان کو پانچ سال کی مدت پوری کرنے دے گی؟ کا جواب دیتے ہوئے سلیم صافی نے کہا کہ نواز شریف صحیح پیشگوئیاں اور تجزیہ کرسکتے تو خود اس انجام تک نہ پہنچتے، عمران خان کے انجام تک پہنچنے کیلئے نواز شریف کے فتوے کی ضرورت نہیں ہے، جس طرح نواز شریف کو بینظیر بھٹو کیخلاف لایا گیا تھا مکافات عمل کے قانون کے تحت ان کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا۔