دباؤ برداشت نہیں کرسکے، سرفراز۔ کوشش تھی بڑا اسکور بناؤں،روہت

June 17, 2019

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹیم کے حوصلے ضرور گرے ہیں لیکن ٹیم نہیں گری ہے۔ یہ ٹیم اب بھی کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جبکہ بھارتی کھلاڑی اور مین آف دی میچ روہت شرما کا کہنا تھا کہ کوشش تھی کہ بڑا اسکور بناکر پاکستان کو دباؤ میں لائیں۔

بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پریس کانفرنس میں سرفراز احمد نے بھارت کے خلاف شکست کی ذمے داری پوری ٹیم پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بولنگ اچھی نہیں کررہے،بیٹنگ میں توقعات پوری نہیں کررہے،فیلڈنگ میں فاش غلطیاں کررہے ہیں،دباؤ برداشت نہیں کررہے۔

انہوں نے کہا کہ میچ میںجلد وکٹیں نہ لے سکے۔گری ہوئی ٹیم کو یہاں سے اٹھانے کی ضرورت ہے۔یہ کارکردگی ورلڈ کپ جیسے ٹورنامنٹ کے لئے ناکافی ہے۔لیکن ابھی ہم ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوئے۔اگلے چاروں میچ جیت کر اچھی پوزیشن پر فنش کرسکتے ہیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ سینئرکھلاڑیوں سے اختلافات اور ڈریسنگ روم کے ماحول کی باتیں بکواس اور جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ ٹیم خراب ضرور کھیل رہی ہے لیکن کھلاڑی متحد ہیں، ٹیم میں انتشار کی باتیں بھی درست نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی ہمارا ورلڈ کپ ختم نہیں ہوا ہے۔ٹورنامنٹ میں واپس آنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں اپنی کارکردگی کو بہتر کرنے اور غلطیاں کم سے کم کرنے کی ضرورت ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ سینئرزکو موقع دینے کی باتیں قبل ازوقت ہیں ابھی ٹورنامنٹ ختم نہیں ہوا ہے۔ لیکن ہمیں بقیہ میچوں میں اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی اور غلطیاں بھی کم کرنا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ بیٹنگ میں فخر زمان اور بابر کی104رنز کی شراکت کے باوجود ہم نے اوپر تلے وکٹ گنوائیں جس کی وجہ سے کارکردگی نہ دکھاسکے۔

سرفرازاحمدکا کہنا تھا کہ میں فٹ ہوں اور ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ اختلافات کی باتیں بھی درست نہیں ہیں۔

انہوںنے مزید کہا کہ 1990کی دہائی میں ہم نے بھارت کو بہت ہرایا تھا لیکن آج کل بھارت اچھا کھیل رہا ہے۔

اس موقع پر مین آف دی میچ روہت شرما کا کہنا تھا کہ اپنی کرکٹ سے انجوائے کررہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کوشش تھی کہ زیادہ وکٹیں نہ گنوائیں اور بڑا اسکور بناکر پاکستان کو دباؤ میں لائیں۔