جائیداد کی تقسیم کا تنازعہ، بھائیوں نے بھائی کی گاڑی کو نذر آتش کردیا

June 19, 2019

پشاور(کرائم رپورٹر) پشاور کے علاقہ چمکنی رانو گڑھی میں جائیداد کی تقسیم کے تنازعہ پر بھائیوں نے اپنے سگے بھائی کی گاڑی کو نذر آتش کردیاجس کے نتیجہ میں لاکھوں روپے مالیت کی گاڑی جل کر خاکستر ہوگئی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔ کفایت اللہ ولد محمد یونس ساکن رانو گڑھی نے رپورٹ درج کراتے ہوئے چمکنی پولیس کو بتایا کہ گزشتہ دنوں وہ اپنی گاڑی نمبر بی ایچ 199اپنے حجرے میں کھڑی کرکے گھر چلا گیا گاڑی پر آگ لگنے کی اطلاع پر جب وہ حجرے پہنچا تو واقعی اُس کی گاڑی کو آگ لگی تھی جس کے نتیجہ میں گاڑی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوچکی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اُ جائیداد کی تقسیم کے تنازعہ پر اُس کے بھائیوں نواز اور آیاز نے اُس کی گاڑی کو آگ لگائی تھی ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔