سوئی ناردرن کا ہیڈ آفس لاہور سے اسلام آباد منتقل کرنے کی تیاریاں

June 20, 2019

لاہور(تجمل گرمانی) سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کا مرکزی دفتر لاہور سے اسلام آباد منتقل کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، ابتدائی طور پر اعلیٰ افسران کے دفاتر اور عملہ اسلام آباد منتقل ہو رہا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر پٹرولیم عمر ایوب کی ہدایت پر سوئی ناردرن گیس کا ہیڈ آفس اسلام آباد منتقل ہو رہا ہے تاکہ وفاقی وزارت اور سوئی ناردرن حکام کے درمیان سرکاری رابطے آسان ہو سکیں۔ابتدائی طور پر ایم ڈی ،ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر، سنیئر جنرل منیجر ،جنرل منیجرزعہدوں کے افسر اور ان کا ماتحت عملہ وفاقی دارالحکومت منتقل ہو گا ۔ان دفاتر کی منتقلی کے بعد کشمیر روڈ پر واقع گیس ہائوس میں دو فلو ر خالی ہو جائیں گے۔ یہ جگہ ایل ڈی اے پلازہ اور شاہین کمپلیکس میں واقع دفاتر کو مل جائے گی ۔ اس طرح ماہانہ لاکھوں روپے کرائے کی بچت ہو سکے گی۔ سوئی ناردرن ہیڈ آفس لاہور میں 1964سے کام کر رہا ہے ۔ دفاتر کی منتقلی سے افسران میں بے چینی پیدا ہو گئی ہے ۔