تھر میں بارش کے بعد موروں کا پنکھ پھیلا کر رقص

June 21, 2019

گزشتہ روز ساون رت کی گھٹائوں کو تھر کی پیاسی دھرتی پر رحم آ ہی گیا اور برسات کے موسم کی پہلی بارش کی بوندیں صحرائے تھر کی ریت میں جذب ہو کر اس کی پیاس بجھانے کا باعث بنیں۔

صحرائے تھر میں پڑنے والی بارش بیماری سے سسکتے موروں کے لے زندگی کی نوید بھی اپنے ساتھ لائی ہے، موسم سہانا کیا ہوا فطری حسن کے شاہکار موروں نے بھی اپنے پنکھ پھیلا دیئے۔

تھر کے صحرا میں گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد آج صبح روشن اور شفاف رہی۔

گزشتہ روز تھر پارکر کے جن علاقوں میں بارش ہوئی وہ نکھر گئے ہیں اور بارش کیا ہوئی بیماری سے سسکتے موروں کو بھی زندگی کی نوید مل گئی ۔

اب کہیں فطری حسن کے شاہکار مور اپنی خوبصورتی پہ نازاں ہو کر محوِ رقص ہیں تو کہیں بھیگے ماحول میں اڑانیں بھر رہے ہیں۔

کچھ ایسے مور بھی ہیں جو اپنے پروں سے بارش کی بوندوں کا خمار جھٹکتے دکھائی دیتے ہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ان موروں کی مستیوں کے لیے بارش کا تسلسل ضروری ہے جس کے لے سب دعاگو ہیں ۔

واضح رہے کہ تھر میں ہر سال خشک سالی اور اس کے ساتھ آنے والی بیماری سے اسی صحرا میں پرورش پانے والےخوبصورت مور سینکڑوں کی تعداد میں بھوک پیاس کے ساتھ موت کا شکار ہو جاتے ہیں۔