پاکستان ویل پلیڈ! آرمی چیف کا قومی ٹیم کی جیت پراظہار مسرت

June 24, 2019

لندن( نمائندہ جنگ، خبر ایجنسی)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقہ کیخلاف کامیابی پرمبارکباد دیتے ہوئے ’’ پاکستان ویل پلیڈ‘‘کہا،پاکستانی کرکٹ ٹیم کی حمایت کرنے پاکستان آرمی کے چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی لارڈز پہنچ گئے،جنرل قمر جاویدباجوہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے ساتھ آئےجس وقت آرمی چیف گرائونڈ میں آئے چوکوں کی بارش ہورہی تھی اور پاکستانی اوپنر ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کررہے تھے۔وزیر اعظم عمران خان کے صاحبزادے سلیمان خان اور پی سی بی چیئرمین احسان مانی بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔آرمی چیف نے ورلڈ کپ میں پاکستان اور جنوبی افریقا کا میچ دیکھا اور اپنی ٹیم کی اچھی کارکردگی پر انہیں داد دیتے رہے،پورا لارڈز پاکستانیوں سے بھرا ہوا تھا،پاکستانی اوپنرز کی کارکردگی نے شائقین کرکٹ کا لہو گرما دیا، جنرل قمر جاوید باجوہ کرکٹ کے شوقین ہیں اور خود بھی کھلاڑی رہے ہیں،چند ہفتے قبل وہ جنوبی افریقا کے شہرکیپ ٹائون میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا میچ دیکھنے گئے تھے،کراچی میں بھی پی ایس ایل کا میچ دیکھنے آئے تھے۔سابق کرکٹرز ظہیر عباس، مشتاق، آصف اقبال کے علاوہ سابق ہوم سیکریٹری سندھ وسیم احمد بھی لارڈز میں پاکستانی ٹیم کی حمایت کررہے تھے۔لارڈز کے باہر شائقین کرکٹ پاکستان کے لئے بھرپور سپورٹ کرتے ہوئے دکھائی دیئے اور ایسا لگ رہا تھا کہ جنوبی افریقا کےتماشائی گراونڈ میں نہیں ،ہر جانب پاکستان کی گرین شرٹ اور پر چم تھے۔بسوں،گاڑیوں،کاروں میں تماشائی سبز رنگ میں رنگے ہوئے لارڈز پہنچے تھے ہر جانب پاکستان زندہ باد کے نعرے لگ رہے تھے۔