بزدار کا بغیر پروٹوکول دورۂ لاہور، خود گاڑی چلائی

June 24, 2019

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزادر نے بغیر پروٹوکول لاہور شہر کے کئی علاقوں کا دورہ کیا ہے، انہوں نے لاہور کے دورے کے دوران خود گاڑی ڈرائیو کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے خود گاڑی چلاتے ہوئے گلبرگ، منی مارکیٹ، لبرٹی چوک اور برکت مارکیٹ سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔

عثمان بزدار نے سروسز اسپتال کے باہر مریضوں کے لواحقین سے وہاں درپیش مسائل بھی سنے اور لواحقین کو ان کے مسائل کے جلد از جلد حل کی یقین دہائی کروائی۔

انہوں نے شہر میں بارش کے پیش نظر صوبائی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بارش سے پیدا ہونے والی صورت حال پر کڑی نظر رکھی جائے۔

عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ نکاسیٔ آب کے لیے متحرک انداز میں کام کیا جائے، نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں، ٹریفک کی روانی میں خلل نہیں پڑنا چاہیے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، نکاسی آب کے کاموں میں غفلت قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔

عثمان بزدار نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے خود فیلڈ میں نکلیں اور نکاسیٔ آب کے کام کی نگرانی کریں۔