تعلیمی ادار وں میں منشیات کے بڑھتے رجحان کیخلاف کیس میں حکام کی طلبی

June 25, 2019

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف درخواست پر داخلہ ، تعلیم اور وزارت صحت کے جوائنٹ سیکرٹریز سمیت ڈائریکٹر اے این ایف کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی ۔ دوران سماعت جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ آج تک معلوم نہیں ہو سکا کہ آئس ہیروئن بنتی کہاں ہے ، جس سے منشیات برآمد ہو اسے تو پکڑ لیا جاتا ہے مگر جہاں بن رہی ہے اس کا کسی کو علم نہیں۔ گزشتہ روز سماعت کے موقع پر درخواست گزار کی جانب سے کاشف ملک ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ اقوام متحدہ کی ڈرگ رپورٹ میں اسلام آباد کی صورتحال الارمنگ ہے ، سابقہ وزیر داخلہ نے کہا تھاکہ 75 فیصد لڑکیاں اور 45 فیصد لڑکے ڈرگ استعمال کرتے ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد فاضل عدالت نے مذکورہ احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔