برٹش مسلمان روہنگیا مسلمانوں کی مدد جاری رکھیں، ولایت کھوکھر

June 26, 2019

لندن (جنگ نیوز) بنگلہ دیش کے مہاجر کیمپوں میںمقیم روہنگیا مسلمانوں کو مستقل بنیادوں پر مدد کی ضرورت ہے کیونکہ میانمار حکومت کی ہٹ دھرمی کے باعث یہ لوگ نہ تو اپنے گھروں میں واپس جاسکتے ہیں اور نہ ہی یہ خود کو اب اس ملک میںمحفوظ تصور کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار عالمی خیراتی ادارے مسلم ایڈکے رابطہ افسر محمد ولایت کھوکھر (ایم بی ای) نے برنیٹ سینٹرل مسجد ولزڈن گرین میںچیئرمین مرزا محمد ظفر کی زیرصدارت ایک تقریب میں کیا۔ اس موقع پر برنیٹ کے سابق میئر کونسلر احمد شہزاد، ٹرسٹی ڈاکٹر امجد علی رضا، امام قاری نذیراحمد، راجہ شمشیر علی اور راجہ قربان بھی موجود تھے۔ مرزا محمد ظفراقبال نے محمد ولایت کھوکھر کو مسجد کی جانب سے روہنگیا مہاجرین کی مدد کے لئے پانچ سو پونڈ کا چیک پیش کیا اور یقین دلایا کہ اس سلسلے میںآئندہ بھی تعاون کیا جائے گا۔ رابطہ افسر محمد ولایت کھوکھر اس عطیے پر مسجد کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس وقت روہنگیا مسلمانوں کو پیسے پیسے کی ضرورت ہے۔ ان کے گھر اجڑ گئے ہیں ان کے خاندانوں کے خاندانوں کو مار دیا گیا ہے اور یہ بے وطن ہوچکے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ برٹش مسلمانوں کو اس سلسلے میںاپنا تعاون جاری رکھنا چاہئے۔