نوشہرہ، دہشتگردوں کا حملہ، 2پولیس اہلکار شہید، ایس ایچ او سمیت 4 زخمی

June 26, 2019

نوشہرہ (نمائندہ جنگ) نوشہرہ نظام پور کے علاقے قمر میلہ میں دہشت گردوں کا پولیس پارٹی پر حملہ، 2پولیس اہلکار شہید، ایس ایچ او نظامپورمسعود خان سمیت 4 زخمی ہوگئے ۔ ڈی ایس پی اکوڑہ احسان شاہ قاتلانہ حملے میں معجزانہ طور پر بچ گئے ۔پولیس پارٹی گشت پر تھی جب سرقمر میلہ میں دہشتگردوں نے ان پر دھاوا بول دیا، علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ اپریشن شروع کردیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او نوشہرہ کیپٹن ریٹائرڈ منصور امان کے مطابق ڈی ایس پی اکوڑہ احسان شاہ اور ایس ایچ او تھانہ نظامپور مسعود خان پولیس پارٹی کے ہمراہ قمر میلہ کے علاقے میں دو موبائل گاڑیوں میں گشت پر تھے۔ جب پولیس پارٹی کامدین سر قمر میلہ پہنچی تو وہاں سے دہشت گردوں گل محمد شاہ عرف گل متی اور وکیل شاہ کی قیادت میں زر د علی ولد مومین شاہ ، دائود ولد گل محمد شاہ عرف گل متی، مسعود ولد وکیل شاہ ، مطہر شاہ ولد مومین شاہ ، گل محمد شاہ عرف گل متی ولد محمد شاہ ، خورشید ولد مومین شاہ ، وکیل شاہ ولد مومین شاہ نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرکے حملہ کردیا۔