CNG کی قیمت میں اضافہ متوقع، ٹرانسپورٹرز کا ہڑتال کا فیصلہ

July 01, 2019

سندھ میں سی این جی کی قیمت میں 18 روپے اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے کل سے غیر اعلانیہ ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری کا کہنا ہے کہ سی این جی کی قیمت میں ہوشربا اضافے کے بعد بسیں چلانا ممکن نہیں، کرایوں میں اضافے کی بات بعد میں طے کریں گے۔

ارشاد بخاری نے کہا ہےکہ سی این جی پمپس مالکان پہلے ہی آہستہ آہستہ قیمتیں بڑھاتے رہے ہیں۔

دوسری جانب آن لائن ٹیکسی سروس نے بھی اپنے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے جس کے متعلق ڈرائیورز کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ سی این جی پر سیلز ٹیکس کے نئے اضافی ریٹس کے بعد فی کلو سی این جی پر 20 روپے اضافہ ہوا ہے۔