عظیم پریم راگی ؒ حالاتِ زندگی اور عارفانہ مجموعۂ کلام

July 07, 2019

تحریر، ترتیب و تدوین : فِضا معین

صفحات656 :

قیمت: 1800 روپے

ناشر: رب پبلشرز، کراچی

عظیم پریم راگی ؒ گزرے وقتوں میں قوّالی کا ایک بڑا نام رہا ہے۔ ’’پریم راگی‘‘ کا لقب اُنہیں خواجہ حسن نظامی نے عطا کیا تھا۔ نام عظیم تھا۔ سو، لقب ملنے کے بعد وہ نام کا لاحقہ بن گیا اور یوں ’’عظیم پریم راگی‘‘ کہلائے جانے لگے۔ خود بھی کلام کہتے تھے اورکئی زبانوں پر عبور بھی حاصل تھا۔ تقسیم سے پیش تر اُن کی قوّالیاں خاص و عام میں مقبول تھیں، جن میں مشاہیر شرکت کرتے اور اپنے ذوق کی تسکین کا وافر سامان مہیّا پاتے۔ اُن کے صاحب زادے فِضا معین، جو خود بھی اُن کے نقشِ قدم پر گام زن ہیں، بہت محنت اور تحقیق کے بعد اپنے والد کے کلام اور بہت سے دِل چسپ واقعات اس ضخیم کتاب میں سامنے لائے ہیں۔ کتاب کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں بہت سی نادر تصاویر بھی شامل ہیں، جن میں قائدِاعظم محمّد علی جناح ؒاور نواب زادہ لیاقت علی کی تصاویر بھی موجود ہیں۔ گرانی کے اس دَور میں کتاب کی قیمت اتنی زیادہ ہے کہ عام آدمی اسے خریدنے کی شاید ہی ہمّت کر سکے۔