پاک افغان میچ میں ہنگامہ آرائی کی تحقیقات شروع

July 03, 2019

برطانوی پولیس نے پاک افغان میچ کے دوران ہنگامہ آرائی کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے میچ میں ہنگامہ آرائی سے متاثر ہونے والے لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ واقعے کے ذمہ داروں تک پہنچنے کے لیے ہماری مدد کریں۔

ویسٹ یارکشائر کے سپرنٹنڈنٹ پولیس کا کہنا ہے کہ پاک افغان میچ کے موقع پر ہنگامہ آرائی کے انفرادی واقعات ہوئے جن میں اقلیتی افراد ملوث تھے، جبکہ سوشل میڈیا پر ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ ہنگامہ آرائی کے دوران لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ ذمہ داروں کے تعین کے لیے مکمل اور جامع مجرمانہ تحقیقات کی ضرورت ہے، لندن اور برمنگھم سے تعلق رکھنے والے چار افرد گرفتار کئے جاچکے ہیں جن سے تفتیش جاری ہے۔

دوسری طرف ترجمان اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ جمعے کو پاکستان اور بنگلہ دیش میچ کے موقع پر اضافی سیکورٹی انتظامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے اسٹیڈیم پرسیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جارہے ہیں۔