نیوزی لینڈ کی شکست، پاکستان ٹیم اداس

July 03, 2019

پاکستانی کرکٹرز اور پی سی بی چیئرمین احسان مانی لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں ڈنر کے لئے پہنچے تھے ۔جیسے ہی یہ اطلاع آئی کہ نیوزی لینڈ کو شکست ہوئی ہے، فضا سوگوار ہوگئی ،سب کے چہرے لٹک گئے۔

اداس چہرے پوری کہانی بیان کررہے تھے۔ہیڈکوچ مکی آرتھر سب سے زیادہ پریشان تھے، جن کا معاہدہ ختم ہورہا ہے اور پی سی بی انہیں مزید معاہدہ دینے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔ مکی آرتھر نے ایک دن پہلے کہا تھا کہ ہماری منزل ہمارے ہاتھ میں ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے بعد پاکستانی ٹیم انتظامیہ اور پاکستان کرکٹ ٹیم میں بھی اکھاڑ پچھاڑ ہوگی۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر سمیت تمام کوچنگ اسٹاف کو فارغ کردیا جائے گا۔ اس سے قبل کرکٹ کمیٹی سے سفارشات طلب کی گئی ہیں۔

ایم ڈی وسیم خان،سابق کپتان وسیم اکرم اور مصباح الحق پر مشتمل کرکٹ کمیٹی کی سفارشات پر نئی تقرریاں کی جائیں گی۔ ایک دن پہلے مکی آرتھر نے پاکستان ٹیم کے ساتھ مزید دوسال کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

کرکٹ کمیٹی شکست کے اسباب کا جائزہ لے گی اور نئی تقرریوں کی سفارش کرے گی۔ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی خراب کارکردگی کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ ٹورنامنٹ میں کسی بھی وقت پاکستان نے اپنے رن ریٹ کو بہتر کرنے کی کوشش نہیں کی۔

نیوزی لینڈ آخری دو میچ 205رنز کے مارجن سے ہارا، لیکن رن ریٹ میں نیوزی لینڈ پاکستان سے بہت آگے دکھائی دے رہا ہے۔

دریں اثنا ء پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نےبنگلہ دیش کے میچ میں پاکستان ٹیم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان ورلڈ کپ میں اپنا آخری گروپ میچ جیتے گا۔

پاکستانی ہائی کمیشن میں خطاب کرتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ بہت مقابلے والا ٹورنامنٹ تھا۔کھیل میں ہار جیت ہوتی ہے اور ہم پاکستان کرکٹ کو پروفیشنل انداز میں آگے لے جانا چاہتے ہیں۔ امید ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم جلد دنیا کی بہترین ٹیموں کی صف میں کھڑی ہوگی۔