’سیلز ٹیکس رجسٹریشن کا عمل خود کار کردیا‘

July 06, 2019

چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) شبر زیدی نے کہا ہے کہ سیلز ٹیکس کی رجسٹریشن کا عمل خودکار کر دیا ہے۔

لاہور چیمبر آف کامرس میں تاجروں سے گفتگو میں شبرزیدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی خاص ہدایت ہے کہ گھی کی قیمت نہیں بڑھنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ریٹیلرز پر فکس ٹیکس لگا رہے ہیں، ڈسٹری بیوٹر ٹیکس نیٹ میں نہیں، اسے ٹیکس نیٹ میں آنا چاہیے، یہ فیصلہ چیمبر کرلے کہ ڈیلر ٹیکس نیٹ میں نہیں آنا چاہتا میں وزیراعظم کو بتادوں گا۔

چیئرمین ایف بی آر نے مزید کہا کہ بنیادی مقصد صنعت کو بچانا اور ٹیکس مسائل دور کرنا ہے، بہت سے مسائل کسٹم کے معاملات میں آتے ہیں، جنہیں دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم انڈسٹری بچانے اور بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، کسٹمزکےمعاملات میں اس ماہ یا اگلے مہینے آٹو میٹک سسٹم لا رہے ہیں۔

شبر زیدی نے یہ بھی کہا کہ گرین چینل کو 40فیصد سے بڑھا کر 60 فیصد کریں گے،ریفنڈ کا سسٹم نہ چل سکا تو زیرو ریٹڈ پر دوبارہ تاجروں سے بات چیت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ میں تاجروں کو یقین دلاتا ہوں کہ بار بار ٹیکس آڈٹ نہیں ہوگا،کوئی انسپکٹر کسی کے گودام میں نہیں جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 240مربع فٹ سے کم رقبے کی دکان پر فکس ٹیکس لاگو کرنے کی تجویز ہے،240سے 1ہزارمربع فٹ کی دکان پر بجلی کے بلوں کے مطابق سیلز ٹیکس لگانے کی تجویز ہے۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ وزیراعظم کی خاص ہدایت ہے کہ گھی کی قیمت نہیں بڑھنی چاہیے، ڈیوٹی کو ایڈجسٹ کرنا ہے تو ہم کریں گے۔