برہان وانی کی برسی، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ

July 08, 2019

مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوان برہان مظفر وانی کی آج تیسری برسی منائی جارہی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شہید کمانڈر برہان مظفر وانی کا یوم شہادت کشمیری یوم مزاحمت کے طور پرمنا رہے ہیں، انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے حریت قیادت نے ہڑتال اور مظاہروں کی کال دی ہے جس کے بعد وادی میں قابض بھارتی فوج نے مکمل شٹ ڈاؤن کرکے کرفیو نافذ کررکھا ہے۔

کشمیری میڈیا کا بتانا ہےکہ شہید برہان وانی کی برسی کی مناسبت سے وادی بھر میں شہید کی تصویریں اور پوسٹر لگائے گئے ہیں جبکہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارتی فورسز نے پوسٹر لگانے کے الزام میں دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ وادی میں بھاری تعداد میں پولیس اور فوج کی نفری تعینات ہے جبکہ اسلام آباد، پلوامہ، کلگام اور شوپیاں میں انٹرنیٹ سروس بند ہے۔

قابض انتظامیہ نے برہان وانی کے گھر اور آبائی علاقے ترال میں واقع شریف آباد کے قبرستان کو بھی سیل کررکھا ہے جبکہ برہان وانی کے گھر جانے والے راستوں کو بھی کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی فوجیوں نے کشمیری رہنما برہان وانی کو 8 جولائی 2016 کو محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران 2 ساتھیوں کے ہمراہ شہید کر دیا تھا۔