گرفتاری پلیٹ میں رکھ کر دینے کے بجائے ان کی سیاہ کاریاں عدالت میں سامنے لاؤں گی، مریم نواز

July 11, 2019

لاہور (صباح نیوز، آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ حکومت مجھے ہر قیمت پر گرفتار یا نظربند کرنا چاہتی ہے، گرفتاری پلیٹ میں رکھ کر دینے کے بجائے انکی سیاہ کاریاں عدالت میں سامنے لائونگی، تم نے مجرم ثابت کرنے کیلئے گھنائونا کھیل کھیلا، بھانڈا پھوٹ چکا، دشمن بھی خاندانی اور ظرف والا ہونا چاہیے، تم ایک امریکی عدالت سے ثابت شدہ مجرم ہو، اس مقدمے کا فیصلہ جج کو بلیک میل کرکے نہیں کیا گیا۔ مریم نواز نے مزید دو ویڈیو جاری کر دیئے۔سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا اپنی ٹوئٹ میں نیب کی جانب سے سمن پر کہنا تھا کہ مسئلہ یہ ہے کہ میرے خلاف انکے پاس کچھ نہیں ہے، اس لیے بیچاروں کو وہ جھوٹا کیس جس میں مجھے ایک بار سزا ہو چکی اور جس کو ہائیکورٹ معطل کرچکی دوبارہ کھولنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام غیر قانونی اور مضحکہ خیز ہے، اس لیے میں پیش نہ ہو کر ایک تو ان کو گرفتاری پلیٹ میں رکھ کر ان کا مقصد پورا نہیں ہونے دینا چاہتی۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت میں ناقابل تردید حقائق سامنے رکھنے اور سلیکٹیڈ کی آلہ کار نیب کی سیاہ کاریوں کو عوام کے سامنے لانے کا موقع نہیں گنوانا چاہتی۔اس سے قبل ایک اور ٹوئٹ میں مریم نے کہا کہ جسے مجرم کہتے ہو، اسے مجرم ثابت کرنے کیلئے گھنائونے کھیل کا بھانڈا پھوٹ چکا۔