پی سی بی آرتھر سے مزید دو سال کے معاہدے کا خواہاں؟

July 12, 2019

برمنگھم (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے قریبی ذرائع دعویٰ کرتے ہیں کہ انہیں پی سی بی نے دوسالہ معاہدے کی پیشکش کی ہے۔ یہ پیشکش ایسے وقت میں آئی ہے جبکہ مکی آرتھر دوسرے آپشن دیکھ رہے ہیں اور پی سی بی نے ورلڈ کپ کے بعد کرکٹ کمیٹی کو کارکردگی کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ لندن میں مکی آرتھر نے تین دن پہلے پی سی بی چیئرمین احسان مانی اور ایم ڈی وسیم خان سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات کے بعد مکی آرتھر اپنی بیٹی کی شادی میں شرکت کیلئے جنوبی افریقا روانہ ہوگئے۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر کو پی سی بی مزید دو سال کا معاہدہ دے کر ان پر اپنے اعتماد کا اظہار کرنا چاہتا ہے۔ پی سی بی نے2016میں مکی آرتھر کو وقار یونس کی جگہ ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا۔ ورلڈ کپ کے ساتھ ہی مکی آرتھر ،تمام کوچنگ اسٹاف اورسلیکشن کمیٹی کے معاہدے ختم ہوگئے ہیں۔ ستمبر میں سری لنکا کی سیریز سے قبل پی سی بی نے نئے کوچنگ اسٹاف کا تقرر کرنا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لے کر کپتان کی تقرری سمیت اگلے چار سال کے لیے منصوبہ بندی کی جائے گی، مکی آرتھر سے ملاقات میں صرف ٹیم کی کارکردگی سے متعلق بات ہوئی، معاہدے میں ایک سال کی توسیع کی بات ہرگز نہیں ہوئی۔ احسان مانی کا کہنا ہے کہ کوچنگ اسٹاف کی تقرریاں ان کے چیئرمین بننے سے پہلے کی گئی تھیں اب ورلڈ کپ کے بعد ٹیم کی کارکردگی کو ہر لحاظ سے پرکھا جائے گا۔ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم نے گیارہ پوائنٹس حاصل کئے تھے لیکن وہ سیمی فائنل میں کوالی فائنل نہیں کرسکے تھے۔