الیکشن میں مبینہ دھاندلی کیخلاف 25جولائی کو یوم سیاہ منانے کا فیصلہ

July 17, 2019

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کے بعدپریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ25جولائی 2018کے دھاندلی زدہ الیکشن کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ25جولائی بروز جمعرات پورے ملک میں یوم سیاہ بھرپور طریقے سے منایا جائے گا اس سلسلے میں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 25جولائی کو مزار قائداعظم پر ایک جلسہ منعقد کیا جائے گا جس سے اپوزیشن جماعتوں کے مرکزی قائدین خطاب کرینگے ۔ اس سلسلے میں ایک آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ پریس کانفرنس سے مسلم لیگ ن کے رہنما علی اکبر گجر، جے یو آئی ایف کے مولانا عبدالکریم عابد، عوامی نیشنل پارٹی کے یونس بونیری، نیشنل پارٹی کے رمضان میمن، جے یو پی کے حلیم خان غوری، نیشنل پارٹی کے نظیر جان پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیلیکٹڈ حکومت کا 25جولائی کو ایک حادثہ تھا ‘قوم نے اس سیلیکٹڈ حکومت کا اصل چہرہ دیکھ لیا ‘تاجر برادری سے لے کر ہر مکتبہ فکر کی کمر توڑ دی ہے ‘ جدوجہد کرنی ہے ہمارا ایمان ہے جہاں بڑے بڑے ڈکٹیٹر نہیں رہے وہاں یہ بھی نہیں رہینگے علاوہ ازیں وفاقی سطح پر قائم اپوزیشن اتحاد کی صوبائی جماعتوں کا اجلاس پیپلزپارٹی کی میزبانی میں میڈیا سیل بلاول ہاوس میڈیا سیل میں منعقد ہوا جس کی صدارت سندھ کے سابق وزیراعلیٰ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید قائم علی شاہ نے کی۔