بھارتی 101سالہ خاتون حج کیلئے سعودی عرب پہنچ گئی

July 17, 2019

بھارت کی 101 سالہ معمر ترین خاتون عازم حج ’اتار بی بی حسین بامار‘ سعودی عرب پہنچ گئیں۔

سعودی اخبار کے مطابق بھارتی خاتون اس سال حج پر آنے والی معمر ترین عازم حج ہیں۔ خاتون نے حج کے لیے سعودی عرب پہنچنے پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفر خوشگوار گزرا، امیگریشن بھی آسانی سے ہوئی۔

اتار بی بی حسین بامار نے کہا کہ سعودی عرب میں حج پر آنے والے معمر افراد کے ساتھ بڑا اچھا برتاؤ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ حج پر اپنے 60 سالہ بیٹے اور بیٹی کے ساتھ آئیں ہیں۔ ان کا تعلق شمالی بھارت کی ریاست پنجاب سے ہے۔

دوسری جانب بھارتی حج حکام کا کہنا ہے کہ اتار بی بی کی صحت بہت اچھی ہے لیکن اس کے باوجود انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اتار بی بی کا روزانہ کی بنیاد پر معائنہ کیا جائے گا۔

قبل ازیں 2017ء میں انڈونیشیا کی 104 سالہ خاتون ماریہ مارغانی محمد نے حج کی سعادت حاصل کی تھی۔