پاکستان کا کامن ویلتھ ٹیبل ٹینس ایونٹ میں شرکت سے گریز

July 18, 2019

کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے دونوں گروپ نے بھارتی میڈیا کے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے کہ پاکستان 21ویں کامن ویلتھ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ سےدستبردار ہوگیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزا جاری نہیں کیا۔اس حوالے سے پی او اے اور عالمی فیڈریشن سے الحاق شدہ ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے صدر ایس ایم سبطین نے کہا ہے کہ ہم نے ماضی میںویزا نہ ملنے کی وجہ سے اس ایونٹ کے لئے انٹری نہیں بھیجی تھی۔ ادھر پی ایس بی سے الحاق فیڈریشن کے سکریٹری کفایت اللہ نے کہا ہے کہ ہم نے کسی کھلاڑی کا نام نہیں دیا تھا۔ ایونٹ بدھ سے بھارتی شہر کٹک میں شروع ہوگیا، جس میں گھانا، یوگینڈا، گویانا اور جرسی نے اپنی حکومت کی جانب شرکت کی اجازت نہ ملنے پراپنا نام واپس لے لیا ہے ۔ اب ایونٹ میں آسٹریلیا، بنگلہ دیش، قبرص، انگلینڈ، ملائیشیا، بھارت، سری لنکا، نائجیریا، اسکاٹ لینڈ، جنوبی افریقا، ویلز اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں ایکشن میں ہیں۔