دبائو ڈالا جارہا ہے، مدارس کی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کرینگے، فضل الرحمٰن

July 19, 2019

ملتان (نمائندہ جنگ) جمعیت علماء اسلام (ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے موجودہ حکومت کے مستعفی ہونے اور اسمبلیاں تحلیل کرکے ازسر نو انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئےکہاہے کہ 25؍ جولائی کو ملک بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا اور پشاور میں ملین مارچ ہوگا، چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی، ڈباؤ ڈالا جارہا ہے ، مدارس کی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری انتقامی کارروائی ہے، وزیراعظم اپنے اقتدار کی طوالت کیلئے امریکا جارہےہیں ۔گزشتہ روز ملتان میں مدرسہ قاسم العلوم گلگشت میں پریس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئےمولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ اگرقومی اسمبلی تحلیل ہوگی توسندھ کو بھی الیکشن میں جانا پڑے گا، فاٹا کےالیکشن میں جمعیت علماء اسلام اپنےتحفظات کا اظہار کرکے حصہ لےرہی ہے،کشمیر میں جن لوگوں کوشہید کیاجارہا ہے ان کی لاشوں کےتحفے ٹرمپ کو دیئے جائیں گے۔