سپرہائی وے مویشی منڈی،ایک لاکھ سے زائد جانور لائے جا چکے

July 19, 2019

کراچی(رپورٹ/رفیق بشیر) سپر ہائی وے پر واقع مویشی منڈی میں وی وی آئی پی کلچر زوروں پر ہے،جانوروں کی خرید وفروخت مذہبی فریضہ کی بجائے شاندار کاروبار بن چکا، منڈی میں اب تک ایک لاکھ سے زائد جانور لائے جا چکے ہیں، منڈی کے 48 میں سے 28 بلاکس بطور وی وی آئی پی مختص کر دیے گئے، مویشی منڈی کا رقبہ 700 سے بڑھاکر 900 ایکڑ کر دیا گیا ہے،منڈی کے وی وی آئی پیز ایریاز میں ٹینٹ لگائے گئے ہیں یہ ایریاز امیر و بااثر افراد نے قائم کیے ہیں،منڈی میں عائد مختلف چارجز ، ٹینٹ،بجلی پانی اور دیگر اخراجات کے باعث مویشیوں کی زیادہ قیمت کا باعث بن رہے ہیں،منڈی میں امیر اور غریب کی تفریق واضح نظر آتی ہے، ذرائع کے مطابق یہ مویشی صرف نمائش کے لئے لائے جاتے ہیں یہ جانور پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں۔منڈی کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق منڈی اب ایک پکنک پوائنٹ بن چکی ہے،منڈی میں ہر جانور کیلئے 16 لیٹر پانی فراہم کیا جارہا ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ صحافیوں کو پاس جاری نہیں کئے جارہے ہیں تاہم ان کو ترجمان سے رابطہ کرنے پر رسائی فراہم کردی جائے گی، جبکہ پارکنگ ایریا میں صحافیوں کے لیے جگہ مختص کی گئی ہے ، ترجمان کے مطابق عام شہریوں سے بائیک کی پارکنگ فیس فیس بیس روپے اور کار کی 30 روپے وصول کی جارہی ہے منڈی میں اے ٹی ایم کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔