کشمیر کی تحریک آزادی انتہائی اہم مرحلے میں داخل ہوچکی، مقررین

July 20, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) برہان مظفر وانی شہید کے بعدتعلیم یافتہ نوجوانوں نے اس تحریک کو اپنے ہاتھ میں لیا ہے،کشمیر کی تحریک آزادی انتہائی اہم مرحلے میں داخل ہوچکی اور روزانہ جانی قربانیاں دی جارہی ہیں اب تک 7لاکھ افراد شہید ہوچکے، یہ مسئلہ جنگ سے نہیں مذاکرات سے حل ہوگا خطہ میں امن و امان کی بحالی، خوشحالی اور غربت کے خاتمے اور جنگ سے بچنے کے لئے بھارت مذاکرات کی ٹیبل پر آئے اور مسئلہ کشمیر کو حل کرے ، ان خیالات کا اظہار مقررین نے کراچی پریس کلب کی ادبی کمیٹی اورفرینڈز آف کشمیر کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب میں بشیر سدوزئی کی کتاب ”برہان وانی ایک تحریک ایک سنگ میل“ کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کتاب میں کشمیری مجاہد برہان مظفر وانی کی جدوجہد پر تفصیل اور اس کے بعد کشمیر میں تحریک آزادی کے حوالے سے عوامی شمولیت اور نوجوانوں کا متحرک کردار اور بھارتی فورسز کی بربریت کو تفصیل سے لکھا گیا ہے۔تقریب سے فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن غزالہ حبیب خان، سردار محمد اشرف خان، سردار نزاکت حسین، مقصود الزماں، خالد معین، ایس ایم شجاع ایڈوکیٹ، شکیل احمد خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا، غزالہ حبیب خان نے کہا کہ کشمیر میںجتنا لہو بہہ چکا اب مزید کی گنجائش نہیں رہی، بالآخر بھارت کو مذاکرات کی ٹیبل پر آنا پڑے گا اور اس مسئلہ کو حل کرنا پڑے گا، اس طرح ہم اس کی جان نہیں چھوڑیں گے، سردار اشرف خان نے کہا کہ ہم نے کشمیر کے لوگوں کی دنیا میں حق نمائندگی ادا نہیں کیا جس قدر وہ قربانیاں دے رہے ہیں اس کی آواز دنیا تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے، صاحب کتاب بشیر سدوزئی نے کہا کہ اس کتاب میں جو معلومات ہیں اس میں درست ہونے میں کوئی شک نہیں انہوں نے کہا کہ برہان وانی شہید دہشت گرد نہیں ہیرو ہے،وہ آزادی کے لئے قلم اور ٹیکنالوجی کو استعمال کررہا تھا۔