سیکورٹی فورسز کا بنیادی فوکس بلوچستان کی طرف ہے، آصف غفور

July 21, 2019

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حکومتی ترقیاتی منصوبے فوج کی مدد سے جاری ہیں، اب سیکورٹی فورسز کا بنیادی فوکس بلوچستان کی طرف ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ وائٹ ہاؤس میں ملاقات میں شرکت کریں گے، آرمی چیف پنٹاگون کا دورہ اور امریکی ملٹری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر بحالی کا کام جاری ہے، پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے سے سرحدی کنٹرول میں بہتری آرہی ہے، سرحدی باڑ لگنے سے دہشت گردی کے واقعات بتدریج کم ہوں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور سیکورٹی اداروں کی کوششیں اور قربانیاں رنگ لا رہی ہیں، پاکستان کی داخلی سلامتی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے، افواج پاکستان نے پاکستانی سرحدوں کا بہادری سے بھرپور دفاع کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک پاکستانی میڈیا کا پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ہے۔