چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرارداد پر ووٹنگ نہ کرانے کا امکان

July 21, 2019

سینیٹ اجلاس میں چیئرمین صادق سنجرانی کو ہٹانے کی قرارداد پر ووٹنگ نہ کرائے جانے کا امکان ہے۔

گزشتہ روز چیئرمین سینیٹ نے اپوزیشن کی ریکوزیشن پر 23 جولائی کو ایوان بالا کا اجلاس بلانے کا اعلان کیا تھا۔

سینیٹ سیکریٹری ذرائع کے مطابق ریکوزیشن اجلاس کا آرڈر آف دی ڈے پیر کو تیار کیا جائے گا لیکن ریکوزیشن اجلاس کے ایجنڈے میںچیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرارداد پر ووٹنگ شامل نہیں ہو گی۔

ذرائع کے مطابق ریکوزیشن اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی تحریک پر صرف بحث ہو گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرارداد پر ووٹنگ سینیٹ کے معمول کے اجلاس میں ہو گی۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے ایوان بالا کا شیڈول اجلاس بلانے کے لیے وزارت پارلیمانی امور کو پیغام بھجوا دیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ سینیٹ کا معمول کا اجلاس رواں ماہ کے آخر میں متوقع ہے جس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرارداد پر خفیہ رائے شماری کے ذریعے ووٹنگ ہو گی۔

ذرائع سینیٹ سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرارداد کے لیے بیلٹ پیپر زپر ووٹنگ ہو گی۔