گلگت: پی آئی اے کے طیارے کی ریکوری کا کام شروع

July 22, 2019

گلگت ایئر پورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ رن وے سے اترنے کے واقعے میں طیارے کو پہنچنے والے نقصان کی حتمی رپورٹ پی آئی اے کے انجینئرز تیار کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کو ایک ہفتے میں پیش کی جائے گی، پی آئی اے کے انجینئرز نے گزشتہ شام طیارے کا معائنہ بھی کیا۔

انجینئرز نے طیارے کی ریکوری کا کام شروع کردیا ہے، اے ٹی آر طیارے کو کرینوں کی مدد سے سیدھا کردیا گیا، آج طیارے کو کچے سے رن وے کے ذریعے ہینگر پر منتقل کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گلگت ایئر پورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ رن وے سے اتر گیا تھا جس کے باعث طیارے کے دائیں ونگ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔