شہبازشریف کی میل پبلشرز کے خلاف ہتک عزت کے دعوے کیلئے تیاری

July 22, 2019

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ڈیلی میل اور میل آن سنڈے کے پبلشر جنرل ٹرسٹ کے خلاف قانونی چاروجوئی کی تیاری کرلی ہے۔ ڈی ایم جی ٹی پہلے ایسوسی ایٹڈ نیوز پیپرز کے طور پر پہچانی جاتی تھی۔ ذرائع نے دی نیوز اور جیو کو بتایا کہ شہباز شریف کے نمائندوں نے گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران لندن میں ہتک عزت کے قانونی ماہرین کی تین علیحدہ علیحدہ فرمز سے ملاقاتیں کی ہیں۔ قانونی کوششوں سے واقف ایک ذریعے نے بتایا کہ وکلا کی ایک فرم نے صحافی ڈیوڈ روز کی سٹوری چھاپنے پر میڈیا گروپ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ جب مختلف قانونی ٹیم کے ارکان سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے مختلف ملاقاتوں کی تصدیق کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمیں تینوں فرمز سے مثبت فیڈ بیک ملا ہے۔ میڈیا کے قانونی ماہرین نے شہباز شریف کی جانب سے مقدمہ لڑنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اس ہفتے کے اندر وکیل کا حتمی فیصلہ کرلیں گے اور اس ہفتے کے اندر ہی ہماری قانونی کارروائی شروع ہوجائے گی، ہم یہ ثابت کرنے کیلئے پر عزم ہیں کہ جو الزامات عائد کئے گئے ان کا مقصد سیاسی تھا، الزامات مذموم اور بے بنیاد ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ وکلا نے شہباز شریف کے نمائندوں سے کہا ہے کہ اخبار کیلئے شہباز شریف کا موقف بہت مضبوط ہے، کیونکہ اس میں کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ برطانوی حکومت کے بین الاقوامی ترقی سے متعلق ادارے ڈی ایف آئی ڈی نے اس خبر کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس کی جانب سے دی گئی امدادی رقم کا غلط استعمال نہیں کیا گیا۔ یہ بات شہباز شریف کے حق میں جاتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈی ایف آئی ڈی کی اس تردید کے بعد یہ ثابت ہوجاتا ہے کہ یہ خبر کتنی جھوٹی اور بدنیتی پر مبنی تھی، یہ خبر شائع ہوتے ہی پاکستان میں ہلچل پیدا ہوئی تو شہباز شریف نے فوراً ہی اعلان کردیا تھا کہ وہ ڈیلی میل کے خلاف مقدمہ دائر کریں گے، یہ من گھڑت اور گمراہ کن خبر وزیراعظم عمران خان اور شہزاد اکبر کی ایما پر شائع کی گئی ہے۔ ہم ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کریں گے، عمران خان کو ابھی میری جانب سے ان کے خلاف دائر کردہ ہتک عزت کے 3 دعوئوں کا جواب بھی دینا ہے۔