ایشیائی کمیونٹیز کے مشترکہ ثقافتی ایونٹ،مانچسٹرمیگامیلے کا آغاز ہوگیا

July 22, 2019

مانچسٹر (علامہ عظیم جی، غلام مصطفی مغل)مانچسٹر میںمیگا میلہ کا آغاز دھوم دھام سے ہوگیا۔ پاکستان نژاد لارڈ میئر مانچسٹر عابد چوہان نے تالیوں نعروں کی گونج میں میگا میلہ کا افتتاح کیا۔ میلہ بر صغیر کے ممالک سے آئے ہوئے تارکین وطن کے کلچر فوک فن کے مظاہرہ پر مبنی ہوتا ہے، اس میلہ کی ابتداملکہ برطانیہ سے ایوارڈ یافتہ سماجی کمیونٹی رہنما سابق کونسلر و سابق چیئرمین پاکستانی کمیونٹی خواجہ سجاد حسین وائیں نے اپنے رفقا کے ساتھ مل کر کی تھی جسے بعد ازاں مانچسٹر کے دو پاکستانی لارڈ میئر موجودہ شیڈو وزیر ایم پی افضل خان اورسابق لارڈ میئر مانچسٹر نعیم الحسن نے تمام ایشیائی ممالک کی کمیونٹیز کا مشترکہ سماجی، ثقافتی ایونٹ بنا دیا۔ میگا میلہ مانچسٹر ساؤتھ میں پلیٹ فیلڈ کے وسیع پارک میں درجنوں رنگا رنگ روایتی کھانوں، مختلف ممالک کے روایتی لباس، روایتی ڈانس اور پولیس ریڈکراس اور دیگر معلوماتی سٹالزپر مشتمل ہے میگا میلہ دودن کیلئے لگایا جاتا ہے جسے دیکھنے کیلئے مقامی انگریز کمیونٹی سمیت50سے60 ہزار سے زائد افراد آتے ہیں۔اس میگا میلہ کے بانی چیئرمین خواجہ سجاد حسین وائیں نے جنگ، جیو کو انٹر ویو دیتے ہوئے کہا کہ انہوںنے اس میگا میلہ کویہاں آباد مختلف کمیونٹیز کے باہمی اتحاد، ایک دوسرے کے کلچر کو سمجھنے کے جذبہ سے 16برس قبل شروع کیا تھا اس قسم کی تقریبات سے کمیونٹی میں ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔ لارڈ میئر مانچسٹر عابد چوہان نےکہا کہ مجھے مانچسٹر کی تمام کمیونٹیر کے مشترکہ پلیٹ فارم کی تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے فخر محسوس ہوتاہے۔ اس سے مانچسٹر کے وقار کو چار چاند لگے ہیں۔ اس موقع پر پاکستانی ویلفیئر اتاشی فضہ نیازی نے کہا کہ میگا میلہ میں پاکستانی سبزہلالی پرچم لہراتے دیکھا توفخر محسوس ہوا پاکستان اور پاکستانی قوم اپنے ہمسایہ ملکوں سےبہترین روابط کی ہمیشہ سے خواہاں ہیں۔ تقریب سےشیرف مانچسٹر جیف ایم پی، سابق لیڈر ممبر سٹی کونسل کونسلر لطف الرحمان ، میگامیلہ کمیٹی ممبران ،کونسلر احمد علی، کونسلر رب نواز ،سابق لارڈ میئر نعیم الحسن اور دیگر نے خطاب کیا۔ میگا میلے میں کبڈی میچ ،رسہ کشی اور بچوں کےجھولوں میں شرکا نے بہت زیادہ دلچسپی لی، میگا میلہ میں مختلف ممالک کے فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔