نون لیگ اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کی ترجمان ہے: طارق سبحانی

July 22, 2019

پاکستان مسلم لیگ نون کے ضلع سیالکوٹ کے صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری طارق سبحانی نے کہا ہے کہ نون لیگ اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کی ترجمان ہے۔

چوہدری طارق سبحانی نے اپنے دورۂ جاپان کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد عوام و سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے ہمیشہ اپنے عوام کے حقوق کی بات کی اور اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں پاکستان کے لیے بہترین شہری قرار دیا ہے کیونکہ اوورسیز پاکستانی انتہائی محنت اور مشقت سے دیارِ غیر میں اپنے وطن کی خدمت کر رہے ہیں اور بھاری زرِمبادلہ بھیج کر پاکستان کی معیشت کو سہارا دے رہے ہیں۔

اس موقع پر مسلم لیگ نون جاپان کے صدر ملک نور محمد اعوان، ٹوکیو کے صدر شیخ ذوالفقار اور نائب صدر ملک یونس نے ان کا والہانہ استقبال کیا جبکہ اس موقع پر دیگر قائدین بھی موجود تھے۔

چوہدری طارق سبحانی نے مزید کہا کہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے سیاسی استحکام کے علاوہ قومی ترقی کی بات کی ہے، قوم کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی طرف گامزن کیا، بجلی، پیٹرول اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی لائی اور سابق حکمرانوں کی پالیسیوں کو ختم کرکے عوام دوست پالیسیاں لائے اور قوم کو مسائل سے نکالا۔

اُنہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک بھر میں ترقیاتی کام، میٹرو، موٹروے اور تعمیر و ترقی کا سلسلہ شروع کیا، آج میاں محمد نواز شریف کو ترقیاتی منصوبوں کی سزا دیتے ہوئے عہدے چھین لینے کے بعد پابند ِسلاسل کر دیا گیا اور میاں محمد نواز شریف کو عوام سے دور کوٹھڑی میں بند کر کے بد ترین انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

چوہدری طارق سبحانی نے مزید کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی سیاست کا مقصد قوم رہی ہے اور وہ اپنے مشن سے پیچھے ہٹنے کی بجائے ڈٹ کر قومی خدمت کے لیے کوشاں ہیں، مسلم لیگ نون عوام کی خدمت کا ایجنڈا جاری رکھے ہوئے ہے، قوم بہت جلد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا سلسلہ ایک مرتبہ پھر شروع کرے گی، موجودہ حکومت نے قوم کا خون چوسنا شروع کر دیا ہے، ہر طرف مہنگائی اور لاقانونیت نے ڈیرے ڈال لیے ہیں اور قوم موجودہ حکومت سے جان چھڑوانا چاہتی ہے۔

چوہدری طارق سبحانی نے والہانہ استقبال کرنے پر مسلم لیگ نون جاپان کا شکریہ بھی ادا کیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نون لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا کہ اس وقت نون لیگ مشکل وقت سے گزر رہی ہے، ہمارے قائد کو قید کرنے کے بعد پوری قیادت کو پابندِ سلاسل کر کے حکمراں سمجھتے ہیں کہ اب ان کو پوچھنے والا کوئی نہیں، ان کو سمجھنا چاہیے کہ ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔

نون لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس نے کہا کہ حکمران نون لیگی کارکنوں پر اتنا ظلم کریں، جتنا وہ بعد میں برداشت بھی کرسکیں، ہم میاں شہباز شریف کے اس بیان کی حمایت کرتے ہیں جس میں انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان تمہیں یہ سودا بہت مہنگا پڑے گا، ہم حکومت سے پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ قائد نون لیگ میاں نواز شریف کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔